Importance of Tawheed – Shaykh Saaleh bin Fawzaan Al-Fawzaan

توحید کی اہمیت   

فضیلۃ الشیخ صالح بن فوزان الفوزان حفظہ اللہ

(سنیئر رکن کبار علماء کمیٹی، سعودی عرب)

ترجمہ: طارق بن علی بروہی

مصدر: أهمية التوحيد (محاضرات في العقيدة والدعوة)۔

پیشکش: توحیدِ خالص ڈاٹ کام


بسم اللہ الرحمٰن الرحیم

شیخ صالح بن فوزان الفوزان حفظہ اللہ فرماتے ہیں:

یہ ایسا موضوع نہیں کہ جس کا فائدہ (وقت کے ساتھ) کم ہوتا جائے اور ایسا موضوع بھی نہیں کہ جو کچھ مخصوص افراد سے متعلق ہو بلکہ یہ تو ایسا موضوع ہے کہ جس کی معرفت ہر مسلم پر واجب ہے یعنی توحید کی اہمیت اور اسلام میں اس کا مقام۔ یہ ایسا موضوع ہے کہ ہمیں ہمیشہ اس سے متعلق بولنا چاہیے اور اس کی وضاحت کرنی چاہیے کیونکہ یہی دنیا وآخرت میں سعادت مندی کا مرکز ومحور ہے۔

توحید کا معنی ہے :  

(اللہ تعالی کو اس کی عبادت میں اکیلا قرار دینا اور اس کے سوا ہر ایک کی عبادت کو ترک کرنا)۔

قرآن حکیم میں اس موضوع کی بہت تکرار فرمائی گئی ہے اور قرآن کریم کی کوئی بھی ایسی سورت نہیں کہ جس میں توحید کا ذکر، اس کا حکم اور اس کی ترغیب نہ دی گئی ہو، اور بہت سی سورتیں خصوصاً جو مکی ہیں وہ تو شروع تاآخر موضوعِ توحید پر ہی مشتمل ہیں۔