The virtue of 15th night of Sha’ban and the reality of Shab-e-Bar’at – Various ‘Ulamaa

نصف شعبان کی رات کی فضیلت اور شب برأت کی حقیقت

مختلف علماء کرام

ترجمہ و ترتیب: طارق بن علی بروہی

مصدر: مختلف مصادر۔

پیشکش: توحیدِ خالص ڈاٹ کام


بسم اللہ الرحمٰن الرحیم

رسول اللہ  صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم  نے فرمایا:

’’إِنَّ اللّٰهَ لَيَطَّلِعُ فِي لَيْلَةِ النِّصْفِ مِنْ شَعْبَانَ، فَيَغْفِرُ لِجَمِيعِ خَلْقِهِ، إِلَّا لِمُشْرِكٍ أَوْ مُشَاحِنٍ‘‘ ([1])

(بے شک اللہ تعالی ضرور نصف شعبان کی رات کو اپنی مخلوق پر مطلع ہوتا ہےپس تمام مخلوق کو بخش دیتا ہے سوائے مشرک اور مشاحن کے)۔

شیخ البانی  رحمہ اللہ  فرماتے ہیں:

مشرک سے مراد ہر وہ شخص جو اللہ تعالی کے ساتھ کسی کو شریک کرتا ہے خواہ اس کی ذات میں ہو یا صفات یا عبادت میں([2])۔

اور مشاحن کے بارے میں امام ابن الاثیر  رحمہ اللہ  فرماتے ہیں: مشاحن کا مطلب ہے بغض وعناد سے بھرا ہوا شخص۔

امام الاوزاعی  رحمہ اللہ  فرماتے ہیں: یہاں مشاحن سے مراد ہر وہ صاحب بدعت جو امت کی الجماعۃ ([3])سے الگ ہے([4])۔

اسی طرح امام احمد بن حنبل   رحمہ اللہ  فرماتے ہیں مشاحن سے مراد اہل بدعت ہیں جو اہل اسلام سے بغض وعداوت رکھتے ہیں([5])۔

دوسری حدیث میں فرمایا:

’’إِنَّ اللَّهَ تَعَالَى يَنْزِلُ لَيْلَةَ النِّصْفِ مِنْ شَعْبَانَ إِلَى السَّمَاءِ الدُّنْيَا، فَيَغْفِرُ لِأَكْثَرَ مِنْ عَدَدِ شَعَرِ غَنَمِ كَلْبٍ‘‘ ([6])

(بے شک اللہ تعالی نصف شعبان کی رات آسمان دنیا پر نازل ہوتا ہے، پس بنی کلب کی بکریوں کے بالوں سے بھی زیادہ لوگوں کو بخش دیتا ہے)۔

[البتہ بعض علماء کرام جیسے سعودی عرب فتویٰ کمیٹی کے علماء کرام ان تمام احادیث کو ضعیف قرار دیتے ہیں، اور شیخ البانی  رحمہ اللہ  بھی ا س فضیلت والی حدیث کو حسن قرار دینے کے باوجوداس رات کی عبادت یا دن کے روزے اور شب برأت([7]) وغیرہ کا رد کرتے ہيں اور بدعت قرار دیتے ہيں۔ اسی طرح سے سورۃ الدخان کی جو آیت لیلۃ مبارکۃ سے متعلق شب برأت کے لیے بتائی جاتی ہے اس سے حقیقی مراد شب قدر ہے جس میں قرآن نازل ہوا اور وہ رمضان کے آخری عشرے میں ہے۔ جاہل عوام اسی  پر یقین کرتے ہوئے اس رات ایک دوسرے کو معافی نامے بھیجنے کی بھی بدعت ایجاد کرچکی ہے]۔


[1] یہ سنن ابن ماجہ 1390 کی روایت ہے اور شیخ البانی نے اسے صحیح ابن ماجہ میں شواہد کے پیش نظر حسن قرار دیا ہے۔

[2] شرک کی تفصیل جاننے کے لیے پڑھیں ہماری ویب سائٹ پر پمفلٹ ”شرک کی حقیقت “  (توحید خالص ڈاٹ کام)۔

[3] الجماعۃ کے معنی و مفہوم جاننے کے لیے پڑھیں ہماری ویب سائٹ پر” الجماعۃ کی مختلف تعریفوں میں مطابقت “  اور ” الجماعۃ کا امیر ان کا حکمران ہوتا ہے “  وغیرہ۔ (توحید خالص ڈاٹ کام)

[4] السلسلة الصحيحة الحديث رقم: ١٥٦٣۔

[5] الدعاء ج 1 ص 195۔

[6] السلسلۃ الصحیحۃ 3/138 میں شیخ البانی فرماتے ہیں: رجاله ثقات لكن حجاج وهو ابن أرطأة مدلس وقد عنعنه۔

[7] شب برأت منانے کی بدعت کے تعلق سے ہماری ویب سائٹ پر پڑھیں”ماہ شعبان کے بارے میں چھ اہم نکات“   ، ”ماہ شعبان کے روزے اور شب برأت “   اور ” 15 شعبان کی رات قبرستان کی خصوصی زیارت کرنا“  ۔ (توحید خالص ڈاٹ کام)

nisf_shabaan_ki_fadeelat