menu close menu

کیا توحید کی دعوت امت میں تفرقہ پیدا کرتی ہے!؟ – شیخ صالح بن فوزان الفوزان

Does calling towards Tawheed split the 'Ummah?! – Shaykh Saaleh bin Fawzaan Al-Fawzaan

کیا توحید کی دعوت امت میں تفرقہ پیدا کرتی ہے!؟   

فضیلۃ الشیخ صالح بن فوزان الفوزان حفظہ اللہ

(سنیئر رکن کبار علماء کمیٹی، سعودی عرب)

ترجمہ: طارق علی بروہی

مصدر: مختلف مصادر

پیشکش: توحیدِ خالص ڈاٹ کام


بسم اللہ الرحمن الرحیم

 

سوال: یہ کہنا کہ توحید کی دعوت مسلمانوں میں تفرقہ پیدا کرتی ہے، جبکہ ہمیں چاہیے کہ سب مل کر یہودونصاری کا مقابلہ کریں، ہم آپ فضیلۃ الشیخ سے اس بارے میں وضاحت کی امید کرتے ہیں، وفقکم اللہ وبارک اللہ فیکم؟

 

جواب: ایسا ہو نہیں سکتا کہ مسلمانوں میں توحید کی وجہ سے تفرقہ ہو۔ مسلمان تو توحید سے خوش ہوتے ہیں اور اس کی تعلیم حاصل کرتے ہیں۔ توحید سے تو کوئی نہيں بھاگتا سوائے بدعتی کے یا مشرک کے، اور ایسوں کی باتوں کا کوئی اعتبار نہيں۔لہذا مسلمان تو توحید سے خوش ہوتے ہیں الحمدللہ اور اس کی تعلیم حاصل کرتے ہیں، اس کی طرف متوجہ رہتے ہیں اور اسی پر متحد ومجتمع ہوتے ہيں۔  البتہ جس کے دل میں مرض اور ٹیڑھ پن ہے یا وہ اہل بدعت واہل شرک میں سےہے تو ظاہر ہے وہ کبھی بھی اس سے متفق نہیں ہوگا، نہ ہی وہ توحید چاہتا ہے، لہذا اس کے قول کا نہ کوئی اعتبار ہے نہ ہی کوئی وقعت۔ہم دیکھتے ہیں لوگوں کو بدعات میں، شرکیات اور شر میں یہ کبھی بھی امت کو جمع نہيں کرسکتے ، اتحاد واتفاق نہیں ہوسکتا مگر صرف دین وتوحید پر اور اللہ تعالی کے لیے اخلاص اپنانے پر، اور ہم یہی چاہتے ہیں۔ لوگ شرک پر نہيں صرف توحید پر ہی جمع ہوسکتے ہیں۔  اللہ تعالی کا فرمان ہے:

﴿هُوَ الَّذِيْٓ اَيَّدَكَ بِنَصْرِهٖ وَبِالْمُؤْمِنِيْنَ، وَاَلَّفَ بَيْنَ قُلُوْبِهِمْ  ۭ لَوْ اَنْفَقْتَ مَا فِي الْاَرْضِ جَمِيْعًا مَّآ اَلَّفْتَ بَيْنَ قُلُوْبِهِمْ وَلٰكِنَّ اللّٰهَ اَلَّفَ بَيْنَهُمْ ۭاِنَّهٗ عَزِيْزٌ حَكِيْمٌ ﴾ (الانفال: 62-63)

(وہی (اللہ) ہے جس نے آپ کو اپنی مدد کے ساتھ اور مومنوں کے ساتھ قوت بخشی، اور ان کے دلوں کے درمیان الفت ومحبت ڈال دی، اگر آپ زمین میں جو کچھ ہے سب خرچ کر دیتے توبھی ان کے دلوں کو نہيں ملا سکتے تھے ، لیکن یہ تو اللہ نے ان کے درمیان الفت ڈال دی۔ بےشک وہ سب پر غالب، کمال حکمت والا ہے)

 

کس چیز سے اللہ تعالی نے ان کے دل ملائے تھے، وہ کلمۂ توحید ہی تو تھا۔ جب انہوں نے لا الہ الا اللہ کا اقرار کیا، دین کو اللہ کے لیے خالص کیا اور شرک چھوڑ دیا تو دل مل گئے حالانکہ اس سے پہلے وہ تفرقے اور پھوٹ کا شکار تھے، ایک دوسرے سے نفرت کرتے اور باہمی قتل وقتال کرتے تھے۔  جب رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے انہیں توحید کی طرف دعوت دی اور انہوں نے لا الہ الا اللہ کہا، اس کا اعتقاد رکھا اور اس پر عمل پیرا ہوئے ، تو اللہ تعالی نے ان کے دل توحید کے ذریعے جمع کردیے۔  اور امام مالک رحمہ اللہ فرماتے ہیں:

’’لا يصلح آخر هذه الأمة إلا بما أصلح أولها‘‘

(اس امت کے آخری حصے کی اصلاح نہیں ہوسکتی مگر صرف اسی چیز جس سے اس کے پہلے حصےکی اصلاح ہوئی تھی)۔

 

سوال: احسن اللہ الیکم، سائل کہتا ہے: آپ کی اس شخص کے لیے کیا نصیحت ہے جو کہتا ہے کہ:  ’’بے شک توحید امت میں تفرقے ڈالتی ہے‘‘ اور کہتا ہے: ’’ہم پہلے لوگوں کو جمع کرتے ہیں بعد میں انہیں تعلیم دے دیں گے‘‘؟

 

جواب: یہ شخص توحید کی بصیرت سے اندھا ہے! میرے بھائی توحید ہی تو امت کو متحد اور جمع کرتی ہے۔ امت جمع ہو نہیں سکتی مگر اسی لا الہ الا اللہ پر۔۔۔رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم کی آمد اور لا الہ الا اللہ کی دعوت سے قبل بھی لوگ متفرق تھے، باہمی دست وگریباں تھے اور قتل وقتال جاری تھا۔ فرمان باری تعالی ہے:

﴿وَاذْكُرُوْا نِعْمَتَ اللّٰهِ عَلَيْكُمْ اِذْ كُنْتُمْ اَعْدَاۗءً فَاَلَّفَ بَيْنَ قُلُوْبِكُمْ فَاَصْبَحْتُمْ بِنِعْمَتِھٖٓ اِخْوَانًا﴾ (آل عمران: 103)

(اور اپنے اوپر اللہ کی نعمت یاد کرو، جب تم دشمن تھے تو اس نے تمہارے دلوں کے درمیان الفت ڈال دی تو تم اس کی نعمت سے بھائی بھائی بن گئے)

 

جو چیز امت کو جمع کرنے والی ہے وہ یہی توحید ہے، اکیلے اللہ تعالی کی بناشرک کے عبادت کرنا ہے۔ جبکہ شرک وبدعت امت میں تفرقہ ڈالتے ہیں، اسی طرح سے باطل مذاہب ومناہج بھی۔ جسے وہ نام دیتے ہيں دعوتی مناہج کا یہ امت میں تفرقہ ڈالتے ہیں۔ امت کی سبیل وراستہ ایک ہے اس کا منہج ایک ہے۔ جو چیز امت میں تفرقہ ڈالتی ہے وہ شرک اور وسائل شرک ہيں اور یہ نئے ایجاد کردہ بدعتی مناہج ہیں کہ ہر ایک نے اپنا الگ ہی منہج بنارکھاہے، کہتا ہے یہ ہے دعوت کا منہج!! دعوت کا منہج  تو منہج رسول صلی اللہ علیہ وسلم ہے، ناکہ وہ جو تم نے یا تمہارے امیر وپیشوا نے ایجاد کر رکھا ہے۔

 

(شرح کتاب التوحید کیسٹ 59)

 

November 8, 2015 | الشيخ صالح بن فوزان الفوزان, توحید, مقالات | 0

tawheedekhaalis is on Mixlr

Tawheedekhaalis.com

Tawheedekhaalis.com